پڑھیں : حج سبسڈی کا کیا ہے سچ ؟

0
294

نئی دہلی : سفر حج کیلئے سبسڈی دی جاتی ہے ، یہ سبسڈی کرایہ میں رعایت کے طور پر دی جاتی ہے ، حج کیلئے جدہ جانے کا کرایہ بہت زیادہ ہوتا ہے ، لیکن حکومت ہند سبسڈی دے کر عازمین حج کو راحت دیتی ہے۔
حکومت یہ دعوی کررہی ہے ، لیکن سفر حج کے دوران ائیرانڈیا کے ذریعہ عازمین حج سے وصول کیا جانے والا جدہ تک کا کرایہ عام دنوں کے مقابلہ میں دوگنا یا اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔
آ ل انڈیا حج سیوا سمیتی کے جنرل سکریٹری عالم مصطفی یعقوب کا کہنا ہے کہ مثال کے طور پر حج سفر 2017 کیلئے دہلی سے جدہ جانے تک کا کرایہ 73697 روپے لیا گیا تھا۔
جب کہ موجودہ وقت میں ہی دہلی سے جدہ تک آنے جانے کا کرایہ کم سے کم 25 ہزار روپے سے شروع ہوجاتا ہے جبکہ سفر حج کے دوران ائیر انڈیا کو کسی بکنگ کی پریشانی کے بغیر بڑی تعداد میں مسافرین مل جاتے ہیں۔
اس کے باوجود عام دنوں کے مقابلہ زیادہ کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔ وہیں دوسری جانب ایک مدرسہ کے مہتمم مولانا عزیر عالم کا کہنا ہے کہ ہم مان لیتے ہیں کہ حکومت سفر حج پر سبسڈی دے رہی ہے۔
لیکن کئی مرتبہ آر ٹی آئی میں پوچھنے پر بھی یہ کیوں نہیں بتایا جاتا ہے کہ حکومت فی عازم حج کتنا سبسڈی دے رہی ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ ائیر انڈیا کے علاوہ کسی دوسری ائیر لائنس سے جانے کی حکومت عازمین حج کو اجازت کیوں نہیں دے رہی ہے ، تاکہ عازمین حج دیگر ائیر لائنس کے ذریعہ کم کرایہ میں بھی جدہ پہنچ سکیں۔