ویراٹ کو خاموش کرنا کلید رہا

0
280

کیپ ٹاؤن۔پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی بیٹنگ شعبہ کو تہس نہس کرنے والے جنوبی آفریقی فاسٹ بولر ورنان فلینڈر نے کہا کہ منصوبہ یہ تھا کہ ویراٹ کوہلی کو خاموش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویراٹ نہ صرف بہتر کھلاڑی ہیں بلکہ وہ جارحانہ بیٹسمین بھی ہیں اور جنوبی آفریقی ٹیم کا منصوبہ یہی تھا کہ ویراٹ کو خاموش کیا جائے جس سے دوسرے بیٹسمنوں پر دباؤ بنے گا۔ فلینڈر نے مزید کہا کہ ابتداء میں میرا کام ویراٹ کوہلی کو آسانی سے رنز بنانے سے روکتے ہوئے انہیں خاموش کرنا تھا۔ فاسٹ بولر جنہوں نے میزبان ٹیم کے 72 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ویراٹ کوہلی کے خلاف تقریباً 2.3 اوورس آؤٹ سوئنگ گیندیں کرنے کے بعد ایک گیند اِن سوئنگ ڈالی جوکہ منصوبہ کا ایک حصہ تھا تاکہ وہ وکٹوں کے سامنے آتے ہوئے آؤٹ سوئنگ کے لئے کھیلے جبکہ گیند اِن سوئنگ ہوتے ہوئے پیاڈ پر لگے۔ فلینڈر نے مزید کہا کہ وہ ڈی آر ایس نتیجے کے متعلق فکر مند نہیں تھا کیونکہ ویراٹ کوہلی یقینی طور پر وکٹوں کے سامنے تھے اور گیند ان کے پیاڈ پر لگی تھی۔ فلینڈر نے مزید کہا کہ انہوں نے ویراٹ کوہلی کے خلاف کچھ نہیں کہا بلکہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے جارحانہ تیور اختیار کئے جس سے وہ ظاہر کرنا چاہتے تھے کہ کوہلی کی بڑی وکٹ مل چکی ہے، ساتھیو باقی کام آسان کرتے ہیں۔ دریں اثناء 208 رنز کا کامیاب دفاع کرنے کے بعد فاتح ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ دوسری اننگز میں 130 رنز پر آل آؤٹ ہونے اور 208 رنز کا دفاع کرنے جب میں ٹیم کے ہمراہ میدان میں اُتر ا تو کامیابی کیلئے کسی قدر نروس تھا ۔ یقینا ان کے پاس چند بہترین صلاحیتوں کے کھلاڑی ہیں لیکن ایک مرتبہ ان پر دباؤ بنایا گیا تو ہم انہیں آؤٹ کرسکتے ہیںلیکن دیانت داری سے کہا جائے تو میں کافی نروس تھا۔ میں یہاں صبح 350 رنز کی سبقت کی اُمید اور انہیں آج شام تک آؤٹ کرنے کی اُمید سے آیا تھا لیکن یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوا۔کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس چند شاندار سیم بولرس ہیں اور اگر وکٹ سے ذرا سی بھی مدد ملتی ہے تو یہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں جبکہ ڈیل اسٹین کی عدم موجودگی کے باوجود کامیابی کیلئے ٹیم پرعزم تھی۔ فلینڈر کے مظاہرہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بولروں کیلئے سازگار وکٹ پر یہ ہمیشہ ہی خطرناک ثابت ہوئے ہیں اور اسٹین کی عدم موجودگی میں انہوں نے فاسٹ بولنگ کی بہترین قیادت کی ۔