سعودی۔ جاپان ویژن‘سرمایہ کاری 100 ارب ریال سے متجاوز

0
187

سعودی عرب اور جاپان کے مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے خصوصی فورم آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے الفیصلیہ ہوٹل میں منعقد ہو رہا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل سرمایہ کاری اتھارٹی کے زیرانتظام ہونے والی ان سرگرمیوں میں سعودی وزیر تجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی اور جاپانی وزیر صنعت وتجارت شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ تقریب میں جنرل انوسٹمنٹ بورڈ کے گورنر انجینئر ابراہیم العمر، پبلک سیکٹر اور دونوں ملکوں کے اکنامک سیکٹر کی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ اور سعودی ، جاپانی منصوبوں کے لیے پچھلے سال سرمایہ کاری کے چھ پرمٹ جاری کیے گئے تھے۔ 4.5 ارب ریال کے ان سرمایہ کاری منصوبوں کی 100 فی صد رقم سروس سیکٹر سے لی گئی ہے۔جاپان اور سعودی عرب کے درمیان 60 سال پر محیط قابل رشک تعلقات میں حالیہ برسوں کے درمیان مزید اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں میں شراکت کااعلان کیا۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور حکومت میں ٹوکیو اورریاض کے درمیان باہمی تجارتی، کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔ جاپان نے سعودی عرب کے اقتصادی ویڑن 2030ء میں بھرپور حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے۔