یمن : عدن میں کار بم دھماکا ، 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

0
223

یمن کے شہر عدن میں عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ منگل کے روز نامعلوم حملہ آوروں نے الدرین کے علاقے میں فوجی ٹھکانے کے نزدیک گولہ بارود سے بھری ایک گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

واقعے کی ابتدائی تصاویر میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

فروری میں داعش تنظیم نے عدن شہر میں یمنی حکومت کے انسداد دہشت گردی کے مرکز کو دُہرے خود کش حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک یمنی خاتون شہری اور اس کے تین بچے بھی شامل تھے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے پیر کے روز اعلان میں کہا ہے کہ وہ جنیوا میں تین اپریل کو ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کی کوشش کر رہی ہے تا کہ انسانی بنیادوں پر یمن کے لیے متعدد ممالک کی سپورٹ حاصل کی جا سکے۔ یہ بات یمن میں اقوام متحدہ کی نئی رابطہ کار لیز گرینڈی نے صنعاء پہنچنے پر بتائی۔