پاسپورٹ کا آخری صفحہ برخواست

0
249

حکومت نے اعلان کیا کہ اس نے پاسپورٹ کا آخری صفحہ چھاپنا بند کردیا ہے تاہم موجودہ پاسپورٹس بُک لیٹ میںدرج تاریخ تک کارکرد رہیں گے۔ وزارت ِ خارجہ (ایم ای اے) کے ترجمان رویش کمار نے ایک سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔ آخری صفحہ طبع نہ کرنے کا فیصلہ وزارت ِ خارجہ اور وزارت بہبودی ٔ خواتین و اطفال کے عہدیداروں پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی کی سفارشات پر مبنی ہے۔ یہ کمیٹی مختلف مسائل کا جائزہ لینے تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ وزارت خارجہ نے قبول کرلی تھی۔ کمیٹی کی ایک سفارش یہ تھی کہ وزارت خارجہ پاسپورٹ بک لیٹ میں باپ / قانونی سرپرست/ ماں / شریک ِ حیات اور پتہ جو آخری صفحہ پر درج ہوتا ہے‘ چھاپنا بند کردینے کا امکان تلاش کرے۔ پاسپورٹ کے آخری صفحہ پر باپ ‘ ماں‘ شریک حیات کے نام ‘ پتہ ‘ امیگریشن چک ضروری ہے یا نہیں اور پرانا پاسپورٹ نمبر ‘ تاریخ اور مقام اجرائی درج ہوتے ہیں۔ ناسک کا انڈین سیکوریٹی پریس نئے پاسپورٹ بک لیٹ ڈیزائن کررہا ہے۔ نئے بک لیٹ دستیاب ہونے تک آخری صفحہ موجود رہے گا۔