نیرو مودی اور چوکسی کے پاسپورٹ 4 ہفتہ کے لئے منسوخ

0
271

نئی دہلی: وزارت خارجہ نے پنجاب نیشنل بینک دھوکہ دہی کے ملزموں نیرو دیپک مودی اور میھول چنوبھائی چوکسی کے پاسپورٹ فوری طور پر چار ہفتوں کے لئے منسوخ کر دیا ہے ۔ وزارت خارجہ کی طرف سے آج جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے مشورہ پر پاسپورٹ ایکٹ 1967 کی دفعہ 10 (A) کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے ۔

وزارت خارجہ نے نیرو مودی اور میھول چوکسی دونوں سے ایک ہفتہ میں اس بات کا جواب مانگا ہے کہ ان کے پاسپورٹ مستقل طور پر کیوں نہ منسوخ کر دئے جائیں۔وزارت نے کہا ہے کہ اگر ان دونوں کی جانب سے مقررہ مدت میں کوئی جواب نہیں دیا جاتا ہے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اس صورت میں اپنی صفائی میں کہنے کے لئے کچھ نہیں ہے ۔

اس کے بعد پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ 10 (3) (سی) کے تحت ان کے پاسپورٹ مستقل طور پر منسوخ کر دئے جائیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ نیرو مودی اور میھول چوکسی پر پنجاب نیشنل بینک میں دھوکہ دہی کی بنیاد پر 11 ہزار کروڑ روپیے کے لین دین کرنے کا الزام ہے ۔ دھوکہ دہی کے انکشاف سے پہلے ہی یہ دونوں ملک چھوڑ کر بھاگ گئے تھے ۔