مادھوری ڈکشٹ نے سری دیوی کی جگہ لے لی

0
383

ویسے تو ماضی کی ڈانس گرل مادھوری ڈکشٹ اور سپر اسٹار سری دیوی کا آپس کا کوئی موازنہ نہیں، تاہم اب بولی وڈ کی ’چاندنی‘ کے چل بسنے کے بعد تیزاب کی ’موہنی‘ نے ان کی جگہ لے لی۔

جی ہاں، مادھوری ڈکشٹ نے آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی جگہ لے لی، جس کا اعلان خود سری دیوی کی بڑی بیٹی جھانوی کپور نے کیا۔

جھانوی کپور نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی ماں سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد، ان کی چھوٹی بہن اور انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ مادھوری نے ان کی ماں کی جگہ لے لی۔

مادھوری ڈکشٹ نے دراصل آنے والی بولی وڈ فلم ’شدت‘ میں سری دیوی کی جگہ لی ہے۔

کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس میں بننے والی فلم ’شدت‘ سری دیوی کی اہم ترین فلموں میں سے ایک تھی، جس کی جلد ہی شوٹنگ شروع ہونے والی تھی، مگر ان کی اچانک موت ہوگئی۔

’شدت‘ میں ان کے ساتھ دیگر اداکاروں میں سنجے دت، ادیتی راؤ چوپڑا، عالیہ بھٹ اور ورون دھون بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

شدت کی ہدایات ابھیشک ورمن دیں گے، جب کہ اسے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی ’دھرما‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، یعنی کرن جوہر اس کے پروڈیوسر بنیں گے۔

فلم کو 1940 کے اسٹائل و انداز کے تحت بنایا جائے گا، جس کے لیے فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا خصوصی طور پر لباس تیار کریں گے۔

اس اہم ترین فلم کو ہدایت کار ساجد نڈیاڈوالا کے پروڈکشن ہاؤس ’فاکس اسٹار‘ کے اشتراک سے بنایا جائے گا، جب کہ اس کے لیے خصوصی سیٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔