شادی مبارک اسکیم کی رقم میں ایک لاکھ تک کا اضافہ

0
639

چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے آج شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت مستحق لڑکیوں کی شادی کے وقت دی جانے والی رقم کو 75,116روپئے سے بڑھا کر ایک لاکھ 116روپئے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شادی کے موقع پر غریب لڑکیوں کو اب فی کس ایک لاکھ 116روپئے جاری کئے جائیں گے۔ اسمبلی میں پیر کے روز خصوصی مراعات کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے کہا کہ غریب افراد کو ایسا لگتا ہے کہ اپنی بیٹیوں کی شادی کرانا ایک بوجھ سے کم نہیں ہے۔ پیسہ کی کمی سے آج سماج میں بے شمار لڑکیاں‘ بن بیا ہی گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ بسا اوقات خاندانی روایات بھی ان لڑکیوں کی شادی میں رکاوٹ بن جاتے ہیں جن کے والدین غریب ہیں۔ ہمارے سماج میں شادی ایک مالی بوجھ بن گئی ہے کیونکہ اس کیلئے زر کثیر چاہیئے۔ کئی والدین لڑکی کو بوجھ نہیں بلکہ لکشمی دیوی سمجھتے ہیں اور بیٹی کی قدر وعزت کرتے ہیں مگر شادی کیلئے زر کثیر چاہیئے اس لئے چند والدین‘ لڑکی کی شادی کو زبردست بوجھ سمجھ رہے ہیں۔ سماج میں ایسے افراد بھی ہیں جو لڑکی پیدائش کے ساتھہی شادی کیلئے پیسہ کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں‘ ایسا سوچنا نہ صرف غلط بلکہ غیر انسانی بھی ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے غریب گھروں میں پیدا ہونے والی لڑکیوں کی شادیاں نہیں ہوپاتی ہیں۔ وہ کنواری ہی رہ جاتی ہیں‘ ان کے والدین‘ قرض لے کر ان کی شادی کرتے ہیں اور اس طرح وہ (خاندان) معاشی طورپر دیوالیہ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کو بالترتیب اقلیتی اور ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی لڑکیوں کو شادی کے وقت مالی امداد کی فراہمی کیلئے متعارف کرایا گیا۔ ابتداء میں اس اسکیم کے تحت ہر مستحق لڑکی کو 51ہزار روپئے دئیے گئے بعد میں اس رقم کو 51ہزار روپئے سے بڑھاکر 75,116روپئے کردیا گیا تھا اور اس اسکیم کو سماج کے تمام طبقات کی لڑکیوں تک وسعت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک‘ اس اسکیم سے 3لاکھ 60ہزار افراد نے فائدہ اٹھا یا ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم نے ایک اور سماج سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ اب حکومت نے اس اسکیم سے استفادہ کیلئے لڑکی کی اقل ترین عمر 18سال مقرر کی ہے۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے 18سال اقل ترین عمر کی حد مقرر کرنے سے بچپن کی شادیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک کلیان لکشمی سے استفادہ کیلئے قانون اور اصولوں کی تکمیل ضروری رہے گی۔ پی ٹی آئی کے بموجب واضح رہے کہ شادی مبارک اور کلیان اسکیم کو 2اکتوبر 2014میں متعارف کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ہی اس اسکیم کے تحت دی جانے والی امدادی رقم میں 75,116روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا مگر اب حکومت نے اس رقم کو 75ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 116روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔