سینچورین میں بھی چار تیزگیندباز وں کے ساتھ اتر سکتے ہیں : گبسن

0
306
gibson
 کیپ ٹان ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کامیابی سے پرجوش جنوبی افریقہ کے کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ وہ ہفتے کے روز سے سینچورین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھی مہمان ٹیم کے خلاف چار تیز گیندبازوں کے ساتھ اترسکتے ہیں ۔ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سنچورین کے سپراسپورٹ پارک میں ہفتے کے روز سے دوسرا ٹیسٹ شروع ہو گا اور اس سے پہلے میزبان ٹیم کے کوچ گبسن نے اشارہ دیا ہے کہ وہ آگے بھی اپنی اسی حکمت عملی کو جاری رکھیں گے ۔ میزبان ٹیم نے کیپ ٹان میں پہلا میچ چار دن کے اندر ہی نمٹاتے ہوئے 72 رنز سے جیت اپنے نام کر لی تھی۔ گبسن نے کہا “میں تیز گیندبازوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں ہوں اور میرا خیال ہے کہ آگے بھی ہم چار تیز گیندبازوں کو اتاریں گے ۔ ہم میچ کے حساب سے حالات کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ چار تیز گیندبازوں کو شامل کیا جا سکتا ہے یا نہیں ۔” کوچ گبسن نے کہا “خاص طور پر اس سیریز میں اور باقی گھریلو سیشن میں بھی ہم ٹیم میں چار تیز گیندبازوں کے ساتھ اترنے کی حکمت عملی پر کام کرنا چاہتے ھیں۔” کیپ ٹان میں پہلے میچ میں افریقی ٹیم نے اپنے چار اہم تیز گیندبازوں ڈیل اسٹین، ویرنان فلینڈر، مورن مورکل اور کیگسو ربادا کو اتارا تھا، اگرچہ اسٹین میچ کے درمیان میں ہی زخمی ہوکر باہر ہو گئے اور فی الحال پوری سیریز سے باہر ہیں۔ جنوبی افریقہ کی پچوں کو تیز گیند بازوں کے لیے معاون تصور کیا جاتا ہے اور امید ہے کہ اگلے میچوں میں بھی پچ اسی طرح اچھال بھری اور تیز رہے گی۔ ایسے میں افریقہ کے کوچ اس تال میل میں تبدیلی کرنے کے حق میں نہیں ہے ۔ اسٹین کو ایڑی میں چوٹ کی وجہ سے باہرہونا پڑا ہے اور ان کی جگہ ڈوانے اولیور اور لونگی اینگیدی میں سے کوئی ایک ٹیم کا حصہ ہو سکتا ہے ۔ گبسن نے کہا “جب آپ گھریلو میدان پر کھیل رہے ہوتے ہیں تو آپ اپنی طاقت سے واقف ہوتے ہیں ۔ اگر آپ ہندوستانی جیسی مضبوط ٹیم کو ہرانا چاہتے ہیں تو یقینا ہی آپ کو پہلے سے کچھ مختلف اور بہتر کرنا ہوگا ۔ “آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان دنیا کی نمبر ایک جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے نمبر کی ٹیم ہے ۔ جنوبی افریقہ کوچ نے کہا “ہمیں گیند اور بلے سے خود کو مضبوط کرنا ہوگا اور ہمارے گیندبازوں کی رفتار ہمارے لیے اہم ہوگی۔ گزشتہ میچ میں تین گیند بازوں نے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ گیندبازی کی تھی ۔ ” جنوبی افریقہ موجودہ تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر سے آگے ہے اور سینچورین میں وہ دو۔صفر سے سیریز پر قبضہ کرنے کے مقصد سے اترے گی جبکہ ہندوستان کے لیے یہ کرو یا مرو کا میچ ہوگا۔