حکومت ِ ٹاملناڈو، مرکز کے اشاروں پر رقصاں ۔ کمل ہاسن کا الزام

0
353

ایم این ایم پارٹی کے صدر کمل ہاسن نے آج حکومت ِ ٹاملناڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ کاویری مسئلہ پر ریاست کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے مرکز کی ماتحتی میں کام کررہی ہے۔ کمل ہاسن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے نے کاویری مینجمنٹ بورڈ (سی ایم بی) کی فوری تشکیل کے مطالبہ پر کل جو بھوک ہڑتال کی تھی وہ محض ایک ڈھونگ تھا۔ بعد ازاں انہوں نے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت ، مرکز کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم بی کی تشکیل مرکز کی ذمہ داری ہے ، لیکن ریاستی حکومت یہ تصور نہیں کرسکتی کہ اس نے محض ایک تحقیر عدالت درخواست داخل کرتے ہوئے ان عوام کے تئیں اپنا فرض ادا کردیا ہے جنہوں نے اسے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کرتے ہوئے ڈھونگ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کمل ہاسن نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ 2016ء میں جب سپریم کورٹ یہ چاہتا تھا کہ مرکز ، سی ایم بی تشکیل دے تو حکومت نے اس میں تاخیر پیدا کرنے بہانے بنائے تھے اور تکنیکی دشواریوں کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وہی حرکت کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی اور ان کے پارٹی کارکنوں نے کل چینائی میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کی اور سپریم کورٹ کے احکام کی تعمیل کرتے ہوئے سی ایم بلی تشکیل نہ دینے پر مرکز کی مذمت کی ۔ وزراء اور سینئر قائدین نے مختلف اضلاع میں بھوک ہڑتال کی قیادت کی تھی۔