بچیوں کی چوڑیاں چوری کرنے والی تین ایشیائی خواتین گرفتار

0
360

جدہ ؛ سعودی عرب کی جدہ پولیس نے ایشیائی ملک سے تعلق رکھنی والی 3خواتین کو گرفتار کرلیا ہے جو کورنیش پر بچیوں کی چوڑیاں چوری کیا کرتی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک شہری نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی کہ کورنیش کے پلے لینڈ کے علاقہ میں اس کی 3سالہ بچی کھیل رہی تھی جب کسی نے والدین کی نظروں سے دور اس کی سونے کی دو چوڑیاں چوری کرلیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی جس نے ریکارڈ وقت میں چوروں کا سراغ لگا لیا۔


جدہ پولیس کے ترجمان کرنل عاطی القرشی کے مطابق گرفتار شدگان 3ایشیائی خواتین ہیں جن کے ساتھ3بچے بھی ہیں۔ ان کے قبضے سے چوری ہونے والی چوڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ یہ ایک گروہ ہے جس کے پاس چوڑیاں کاٹنے کے آلات بھی ضبط ہوئے۔ اس نے پلے لینڈ پر کھیلنے والے بچوں کو نشانہ بنانے کا کام اپنالیا تھا۔ معصوم بچیوں کو ان کے والدین کی نظروں سے دور لے جاکر سونے کی چوڑیاں مخصوص آلے سے کاٹ لیتی تھیں۔ گرفتار شدگان کو ضروری کارروائی کے بعد متعلقہ محکمہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔