امریکا مئی میں اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرے گا‘

0
254

واشنگٹن: امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتخانہ رواں برس مئی میں تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کر دیا جائے گا۔

امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیلی ریاست کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنا سفارتکانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرے گا۔

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور امریکی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکا کا سفارتخانہ پہلے مرحلے میں تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس کے کونسل خانے میں عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا جبکہ اس کی مستقل قیام کے لیے جگہ خریدی جائے گی جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں موجود سفارتخانے میں اسرائیل میں امریکی سفیر اور دفتر کے عملے کے چند افراد کے لیے جگہ میسر ہوگی۔

ہیتھر نوریٹ نے مزید بتایا کہ امریکا رواں برس کے اختتام تک مقبوضہ بیت المقدس میں آرونا کمپاؤنڈ سے ملحقہ کسی جگہ پر دفتر تعمیر کر لے گا۔